السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آج میں پاور مسلمہ کورس سے متعلق تھوڑا سا فید بیک دینا چاہوں گی.
اگرچہ میں باقاعدگی سے پاور مسلمہ کا ہوم ورک نہیں کر پاتی مگر میں تمام آڈیوز توجہ سے سنتی اور پوسٹس اور سوال جواب باقاعدگی سے پڑھتی ہوں۔
بعض اوقات مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یہ سب کچھ مجھے پہلے سے معلوم تو ہے… پتا نہیں میں کیوں یہ کورس کررہی ہوں..؟
لیکن پھر میں نے خود اپنے رویے میں کچھ تبدیلیاں محسوس کرنی شروع کیں ۔ وہ جو میں اللہ پاک سے ایک دعا مانگا کرتی تھی کہ اے اللہ! مجھے حلم اور بردباری عطا فرمائیے، وہ چیز اللہ رب العزت نے مجھے اس کورس کے ذریعے دینا شروع کی ۔ الحمدللہ
کل ایک اہم واقعہ پیش آیا… ہمارے خاندان میں کچھ غلط فہمیوں اور غلط رویوں کی وجہ سے دو فریقوں میں سخت جھگڑا ہو گیا ۔ جن میں ایک میری بڑی جیٹھانی اور دوسری میری بڑی نند شامل تھیں بمع اہل و عیال ۔
بہت شدید جھگڑا ایک دوسرے پر الزامات اور بد گمانیاں.. مستقبل میں قطع تعلقی کے ارادے…..
تب میں نے خود اپنے آپ کو اور دوسروں کو قبولیت دینے والے سارے گر جو پاور مسلمہ سے سیکھے وہ اس وقت اللہ کی مدد سے اپلائی کیے ۔
دیکھیں جو ہونا تھا ہو گیا ۔ ہمارے اگر مگر، یوں کر لیتے اور توں کر لیتے سے اب کچھ بدلنے والا نہیں ۔ جو کچھ ہو چکا وہ ایسے ہی ہونا تھا ۔ وہ اللہ کی لکھی ہوئی تقدیر تھی ۔ اسے ہم بدل نہیں سکتے تھے اور نہ ہی اب ایک دوسرے کو کوسنے سے کچھ حاصل ہے ۔
دیکھیں غلطیاں انسانوں سے ہی ہوتی ہیں اور ہم سب انسان ہیں، ہم سب نے جانے انجانے میں غلطیاں کی ہیں۔ ہم سب اپنی غلطیوں کو قبول کرتے ہیں۔
ایک دوسرے پر الزام لگانے سے اب کچھ حاصل نہیں، ہم سب ایک ہیں، ذرا سے جھگڑے سے ہم الگ نہیں ہو گئے ہم اب بھی پہلے کی طرح ایک دوسرے کے رشتہ دار ہیں، خیر خواہ ہیں اور محبت کرتے ہیں ۔
اب جو کچھ بگڑ چکا ہے نقصان ہو چکا ہے اسے ہم سب نے مل کر سدھارنا ہے ۔ ایک دوسرے کی غلطیوں کو معاف کریں، اپنے آپ کو بھی معاف کر دیں اور اب ساری پچھلی باتوں کو چھوڑ کر مسئلے کے حل پر غور کریں۔
اگرچہ وہ سب بار بار ٹریک سے اتر کر پھر ایک دوسرے پر آجاتے تھے مگر میں مستقل مزاجی سے انھیں معاملے کے حل کی طرف متوجہ کرتی رہی ۔ بیچ میں نماز کا وقت ہوا تو میں نے خوب دردِ دل سے اس معاملے کے خیرو خوبی سے سلجھنے کی دعا کی
اور الحمد للہ ثمہ الحمد للہ یہ معاملہ بخیر خوبی نمٹ گیا ۔
میں سمجھتی ہوں یہ میری ایک بڑی کامیابی تھی جو مجھے اللہ کے فضل کے بعد پاور مسلمہ کورس سے حاصل ہوئی۔
(پوسٹ کے طویل ہونے کی وجہ سے میں زیادہ تفصیل میں نہیں گئی)
میں. بہن ریم زیبا اورپاور مسلمہ کی پوری ٹیم کی انتہائی شکرگزار ہوں ۔
اللہ کریم آپ کو جزائے خیر دے اور اسی طرح لوگوں کی بھلائی کا کام لیتا رہے ۔ آمین
💐💐💐💐💐
دو ٹین ایج بچوں کی ماں کراچی سے
پاور مسلمہ کورس